خوشگوار ازدواجی زندگی

اس نے نقاب اتارا تو پسینے سے شرابور چہرے پر پریشانی کے واضح آثار تھے ہوا لگنے سے حواس کچھ بحال ہوئے تو بولی آپا آج تو میں آپ سے تعویذ لے کر ہی جاؤں گی ۔

اس دفعہ تو انھوں نے بےرخی کی حد ہی کر دی ہے، میکے سے پورے سات دن بعد لوٹی تھی مجھے دیکھ کر خوش ہونے کے بجائے ان کا چہرہ مرجھا سا گیا اور ان کے منہ سے یہ الفاظ پھسل ہی گئے، آخر چھٹی ختم ہوگئی چار دن کی چاندنی پھر اندھیری رات ۔

آپا نے زندگی کی پینتیس سے زیادہ بہاریں دیکھ لینے والی “نیک پروین کی طرف دیکھا , کچھ لمحے توقف کیا اور پھر سوچتے ہوئے کہا اچھا تم ہر دفعہ ضد کرتی ہو کہ تمہیں تعویذ دوں اور میں ہر دفعہ کہتی ہوں کہ کچھ عملی ترکیب لڑاؤ اور اپنے شوہر کا دل جیتنے کی کوشش کرو لیکن آج میں تمہیں تعویذ دوں گی ضرور دوں گی مگر ایک شرط پر ۔

وہ فوراً بولی مجھے آپ کی ہر شرط منظور ہے۔

اس سے تھوڑی بڑی لیکن بہت پراعتماد آپا نے کہا شرط صرف یہ ہے تم اسے گھر جا کر کھولو گی اس پر ترکیب استعمال لکھی ہوگی اسے تم بالکل اس ترکیب کے مطابق استعمال کرنا۔

نیک پروین نے وعدہ کیا.. دراصل اسے یقین تھا کہ آپا کا تعویذ تیر بہدف ہوگا کیونکہ اس کی والدہ نے آپا کے بارے میں یہی بتایا تھا کہ اگر اسے آپا نے تعویذ دے دیا تو اس سے بیزار شوہر نامدار اس کا ایک مرتبہ پھر دم بھرنے لگے گا۔

آدھ گھنٹے کے بعد آپا نے اسے ایک کاغذ دیا تو اس کا یہی جی چاہا کہ وہ اسے ابھی پڑھ لے لیکن وہ وعدے کے مطابق اسے گھر جا کر ہی دیکھ سکتی تھی.. پھر جیسے ہی وہ گھر گئی اس نے پہلا کام کاغذ کو کھولنے کا کیا.. وہ جیسے جیسے تحریر پڑھتی گئی اس کی حیرانی میں اضافہ ہوتا گیا۔۔۔ لکھا تھا۔

تعویذ استعمال کرنے سے پہلے آپ کو اپنے سر کے تیل اور میل سے چپڑے بالوں کو کسی اچھے شمپو سے دھونا ہوگا، انھیں اس حالت میں لانا ہوگا کہ آپ کے شوہر کو یقین ہوجائے کہ آپ کے بال واقعی خوبصورت ہیں۔

اپنے چہرے اور گردن پر پسینے اور میل کی وجہ سے جمی مگر نظر نہ آنے والی تہہ کو اتار کر اپنے شوہر کو باور کرانا ہوگا کہ آپ کا چہرہ اب بھی تروتازہ اور خوبصورت ہے۔

آپ کو ایسا لباس پہننا ہوگا کہ معلوم ہو کہ آپ ایک غریب شوہر کی نہیں بلکہ اچھے خاصے کمانے والے خاوند کی بیوی ہیں اور اللہ کی یہ نعمت آپ کے لباس اور وضع قطع سے نظر آرہی ہے۔

آپ کو اپنے جسم پر چڑھی فالتو چربی اور ڈھول بنے پیٹ کی “ہوا” کم از کم اتنی ضرور نکالنی ہوگی کہ جب آپ کھڑی ہوں تو آپ کو اپنے پاؤں نظر آسکیں۔

آپ کو اپنی میلی کچیلی کہنیوں اور پھٹی ہوئی ایڑیوں کو ٹھیک کرنا ہوگا تاکہ کسی کو شک نہ ہو آپ نوکرانی یا بدذوق قسم کی ایک دیہاتی عورت ہیں۔

اس مقْصد کے لیے آپ کو اپنی غذا کو معتدل بنانا ہوگا اور روزانہ ورزش کو معمول بنانا ہوگا۔

اس کے بعد وہ تعویذ کو کھول رہی تھی جس کی ترکیب استعمال اس نے پڑھی تھی کاغذ کے ٹکڑے پر تعویذ کی عبارت اس کے لیے پھر حیرت کے مزید دروازے کھول رہی تھی.. یہ کوئی جنتر منتر کے الفاظ نہیں تھے بلکہ سادہ زبان میں واضح طور پر لکھا تھا۔

ترکیب پر عمل کرنے کے کم ازکم چھ ماہ بعد اپنے شوہر کے سامنے جائیے اور کہیے.. “کیا میں وہ نہیں ہوں جسے آپ نے پسند کرکے شادی کی تھی..؟ کیا ہوا جو میں بچوں کو سنبھالنے اور ساس سسر کی خدمت میں زیادہ مصروف ہو کر یہ بھول گئی تھی کہ آپ نے تو ایک خوب صورت لڑکی پسند کی تھی , میلی کچیلی پرانی وضع قطع کی عورت نہیں.. میں آپ کو مرد کے بجائے ایک فرشتہ سمجھنے کی غلطی پر معافی چاہتی ہوں۔

نیک پروین تعویذ کو پڑھ کر اپنے آپ کو پل صراط پر کھڑی محسوس کر رہی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *